اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کی جانب سے تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو’آنٹی‘ کہنے پر قومی اسمبلی میں ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو ’آنٹی‘ کہا اور تحریک انصاف کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں بکنے والے بھی بہت ہیں اور خریدار بھی ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ایوان سے 40 روز تک غیر حاضری رہ کر تحریک انصاف کے اراکین نے قوانین کی خلاف ورزی کی۔طلال چوہدری کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نے شدید احتجاج کیا اور سپیکر سے ’آنٹی‘ کا نام ہذف کرنے کا کہا جس پر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ’آنٹی‘ کا لفظ کوئی غیر پارلیمانی تو نہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کے بیان پر پورے ایوان قہقہوں سے گونج اٹھا۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اب 40 روز کی باتیں نہ کی جائیں، اسحاق ڈار کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کے اراکین کو واپس اسمبلی میں لائے ہیں، حکومتی بنچوں پر بیٹھ کر اس قسم کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ طلال چوہدری کے بیان پر تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے ارکان نے ایوان سے بائیکاٹ بھی کیا جب کہ جماعت اسلامی نے بھی تحریک انصاف کا ساتھ دیا۔
مزید پڑھئے:ایسا انوکھاگاﺅں جہاں صرف” پانی “کیلئے شادی کی جاتی ہے