لاہور(نیوزڈیسک)ملک کے زیادہ تر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے ، محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹے میں میرپور خاص ، حیدر آباد ، قلات اور کشمیر میں چند مقامات پر گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
موسم کی تازہ صورتحال کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں تپتے سورج کا راج ہے اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ داتا کی نگری شہر لاہور بھی موسم گرم اور خشک ہے ۔ اولیاؤں کے شہر ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بھی سورج پوری آب وتاب کے ساتھ چمک رہا ہے ۔ جھلسا دینے والی لو چلنے سے معمولات زندگی متاثر ہو گئے ہیں ۔ سبی، جیونی ، نوکنڈی ،تربت اور پسنی سمیت بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں بھی پارہ اپنی حدوں کو چھونے لگا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے گرمی کی لہر جاری رہنے کا امکا ن ظاہر کیا ہے ۔ موسم کا حال بتانے والوں نے ملک کے زیادہ میدانی تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم میر پور خاص، حیدرآباد ، قلات ڈویژن اورکشمیر میں چند مقامات پر گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔