لاہور (نیوزڈیسک ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جیسا ظلم برما کے مسلمانوں پر کیا جا رہا ہے ایسا تاریخ میں ہلاکو خان اور چنگیز خان نے بھی نہیں کیا تھا ۔جماعت اسلامی کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ برما کے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ گرائے جا رہے ہیں اور ان کا قتل عام کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کی خواتین کے ساتھ بر ترین سلوک کیا جا رہا ہے جبکہ ان مسلمانوں کو عورتوں اور بچوں سمیت سمندر کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے جبکہ یہ سزا انہیں کلمہ پڑھنے کی وجہ سے دی جا رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ برما کے روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف کوئی انسانی حقوق کی تنظیم آواز نہیں اٹھا رہی جبکہ او آئی سی بھی اس ظلم پر خاموش ہے ۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ برما کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرنے والے مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے حکومت پاکستان اور او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ کہ پاکستان اس مسئلے کے پیش نظر او آئی سی کا اجلاس طلب کرے اور او آئی سی اس مسئلے کو عالمی سطح پر حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔