اسلام آباد (نیوز ڈیسک))ایئر مارشل (ر) مسعود اختر کا انکشاف: بھارتی میزائل حملے میں بھولاری ایئر بیس پر موجود پاکستانی طیارہ متاثر ہواپاکستانی فضائیہ کے سابق ایئر مارشل مسعود اختر نے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ بھارتی جارحیت کے دوران پاکستان کے ایک اہم فضائی اثاثے کو نقصان پہنچا۔ ان کے مطابق بھارت نے بھولاری ایئر بیس کو نشانہ بناتے ہوئے چار براہموس میزائل داغے، جن میں سے ایک میزائل ایئر بیس پر قائم ایک ہینگر سے ٹکرا گیا۔
اس ہینگر میں پاکستان کا ایک اے ڈبلیو اے سی ایس (ایئر بورن وارننگ اینڈ کنٹرول سسٹم) طیارہ موجود تھا، جو اس حملے سے شدید متاثر ہوا۔ ایئر مارشل (ر) مسعود اختر کا کہنا تھا کہ پاکستانی پائلٹس اور عملے نے اپنی طرف سے اثاثوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن چوتھا میزائل ہینگر سے ٹکرا کر طیارے کو نقصان پہنچا گیا۔یاد رہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات ایک جارحانہ کارروائی کا آغاز کیا، جسے “آپریشن سندور” کا نام دیا گیا۔
اس کارروائی کے دوران بھارت نے نہ صرف پاکستانی فوجی تنصیبات بلکہ آزاد کشمیر اور دیگر شہری علاقوں کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی بے گناہ شہری، بشمول بچے، جاں بحق ہوئے۔پاکستان نے ابتدائی طور پر صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کیا، مگر جب دشمن کی جانب سے براہ راست ایئر بیسز کو نشانہ بنایا گیا، تو پاکستان نے موثر جوابی کارروائی کا فیصلہ کیا اور “آپریشن بنیان مرصوص” کے تحت دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔اس زبردست جوابی حملے کے بعد صورتحال اس قدر کشیدہ ہو گئی کہ امریکہ کو فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے جنگ بندی کی درخواست کرنا پڑی۔