اسلام آباد(آن لائن)پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی کشیدگی ختم ہونے کے بعد ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن تین سال بعد مکمل طور پر فعال ہو گیا ۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین سفارتی تعلقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن تین سال بعد مکمل طور پر بحال ہو گیا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان اپنی بنگلہ دیشی ہم منصب شیخ حسینہ واجد سے مسلسل ٹیلیفونک رابطہ اور
بنگلہ دیشی وزیر اعظم کا بھارت کی کئی درخواستوں کے باوجود ملنے سے انکار دونوں اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی میں کمی کے بعد جنوبی ایشیاء میں سفارتی تعلقات کا توازن بدل گیا ہے جس سے بھارت خطے میں تنہائی کا شکار ہو گیا ہے اور پاک بنگلہ دیش تعلقات میں بہتری سے کافی پریشان ہے ۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک میں سفارتی کشیدگی کم کرانے میں چین نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔