اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)میئر اسلام آباد کی معطلی کا نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد ،اسلام آبادہائیکورٹ نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کمیشن کوجمعرات کو طلب کرلیا،نجی ٹی وی کے مطابق اسلا م آبادہائیکورٹ میں میئراسلام آبادشیخ انصرعزیز کی معطلی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،درخواست میں وفاقی حکومت اوروزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ۔درخواست میں موقف اختیار کیاگیاکہ اسلام آبادہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کوکارروائی سے روکاتھا،معاملہ زیرسماعت ہونے کے باوجودحکومت نے معطل کردیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی حکومت نے خلاف قانون معطل کیا،عہدے پربحال کیاجائے اورمیری معطلی کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردیاجائے۔عدالت نے میئر اسلام آباد کی معطلی کا نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کمیشن کو جمعرات کو طلب کرلیا، عدالت نے کہاکہ فریقین کو سننے کے بعد عدالت نوٹیفکیشن معطلی کا فیصلہ کرے گی ،ہائیکورٹ نے میئراسلام آبادشیخ انصر عزیز کی معطلی کیخلاف درخواست پر وزارت داخلہ و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔