اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی کابینہ میں وسیع پیمانے پر ردوبدل کے دوران شیخ رشید منظر عام سے غائب تھے لیکن اب وہ سامنے آگئے ہیں اور کھل کر اس معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسد عمر کے پاس جا کر درخواست کروں گا کہ وہ کابینہ کا حصہ رہیں، سابق وزیر خزانہ خود مستعفی ہوئے، صرف ایک وزیر کو نکالا گیا۔
اسد عمر نے بہت محنت کی لیکن کپتان کا فیصلہ بہرحال درست ہے، عمران خان جب حکومت میں آئے خزانہ نام کی کوئی چیز نہیں تھی، انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کو پانچ سال پورے کرتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔شیخ رشید نےمزید کہا کہ سازش کے تحت پیسہ سڑکوں اور پلوں پر لگایا گیا، ملک سرحدوں پر نہیں، معیشت پر حملوں سے ٹوٹتے ہیں، روس کے ٹوٹنے کی بنیادی وجہ معیشت کی تباہی تھی۔