اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ایئر فورس کی جانب سے دراندازی کی کوشش کے واقعے پر وزارت خارجہ میں ہنگامی اجلاس ،موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت اجلاس میں سابق خارجہ سیکرٹریز اور سینئر سفارت کاروں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران بھارتی ایئرفورس کی دراندازی کے بعد پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال پر مشاورت کی گئی۔اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران شاہ محمود قریشی
کا کہنا تھا کہ بھارتی دراندازی کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی سمجھتا ہوں اور پاکستان مناسب جواب کا حق رکھتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ کچھ دیر بعد وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس ہوگا جس میں دفتر خارجہ کا مؤقف سامنے رکھا جائے گا۔یاد رہے کہ بھارتی ایئر فورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول سے پاکستانی حدود میں دراندازی کی کوشش کی گئی جس کے بعد پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔