پشاور (نیوز ڈیسک) جماعت اسلامی نے خیبرپختونخوا حکومت سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس بات کی تصدیق جماعت اسلامی کے رہنما مشتاق احمد نے بھی کر دی ہے۔ خیبرپختونخوا جماعت اسلامی کے امیر مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت سے آئندہ ہفتے علیحدگی کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ اختلافات کی وجہ سے نہیں بلکہ اچھی نیت سے کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ آئندہ ہفتے جماعت کے وزراء اپنے تحریری استعفے
دے دیں گے اور جماعت اسلامی کے وزیر خزانہ آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش نہیں کریں گے اور بجٹ تحریک انصاف کے صوبائی وزیر پیش کریں گے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما مشتاق احمد نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت سے علیحدگی کے بعد بھی اسے کمزور کرنے کی کسی کوشش کا حصہ نہیں بنیں گے بلکہ ہر مشکل گھڑی میں اس کا ساتھ دیں گے، جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی کے بعد یہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم حکومت سے علیحدہ ہو جائیں۔