اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد نے الزام عائد کیا ہے کہ فاروق ستار بالواسطہ لندن میں بانی ایم کیوایم الطاف حسین سے رابطے میں ہیں،فاروق ستاران سرگرمیوں سے بازآجائیں ورنہ ویڈیو ثبوت سامنے لیکرآجاؤں گا،دوسری جانب فاروق ستار نے کہا ہے کہ سلمان مجاہد کےالزامات
بےبنیاد ہیں،ان میں کوئی سچائی نہیں ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان سے نکالے گئے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد نے اپنے الزامات میں انکشاف کیا ہے کہ فاروق ستار بالواسطہ لندن میں بانی متحدہ قومی موومنٹ الطاف حسین سے رابطے میں ہیں۔ایم کیوایم پاکستان میں دھڑے بندیاں ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا فاروق ستار،کنورنوید، ٹیسوری اور ساتھیوں کا ایک گروپ ہے۔دوسرا گروپ عامر خان، خواجہ اظہار، فیصل سبزواری کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنور نوید اور کشور زہرا براہ راست بانی ایم کیوایم سے رابطے میں ہیں۔ سلمان نے کہا کہ فاروق ستار میں لیڈر کی کوئی خوبی نہیں، بادل نخواستہ لیڈر مانا۔ فاروق ستارپارٹی کو ختم کرنے جا رہے ہیں۔جبکہ مصطفیٰ کمال زبردست شخصیت ہیں۔دوسری جانب ایم کیوایم کے کنوینئرفاروق ستار نے کہا ہے کہ سلمان مجاہد نے بے بنیاد الزامات لگائے جس میں کوئی سچائی نہیں۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے چند سلمان مجاہد کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔