اسلام آباد (آن لائن) پاکستان نے افغانستان سے جلال آباد میں پاکستانی قونصلر خانے کے دو سفارتکاروں کی بازیابی اور ذمہ داروں کو جلد از جلد کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ جلال آباد میں پاکستانی قونصلر خانے کے دو سفارتکار اس وقت لاپتہ ہوئے جب وہ 16 جون کو سڑک کے راستے پاکستان آ رہے تھے ۔لاپتہ ہونے والے دونوں سفارتکاروں کی بازیابی کا
معاملہ افغان حکام کے ساتھ اٹھا رہے ہیں اور افغان حکام کے مکمل رابطے میں ہیں اور سفارتکاروں کی بازیابی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ افغان حکام نے بھی دونوں سفارتکاروں کی بازیابی کے لئے تین ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے افغانستان سے مطالبہ کیا ہے کہ سفارتکاروں کی بازیابی اور ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے ۔