راولپنڈی (این این آئی)پاک فوج نے بھارت سے مقامی کمانڈرز کی سطح پر ہاٹ لائن رابطہ کر کے واضح کیا ہے کہ پاکستانی فوج کی جانب سے نہ تو سیز فائر کی کوئی خلاف ورزی کی گئی نہ ہی لائن آف کنٹرول کو عبورکیاگیا‘بھارتی فوجیوں کی لاشیں مسخ کرنے کا الزام غلط ہے-پاکستانی فوج ایل او سی پر امن قائم رکھنے کیلئے پوری طرح پرعزم اور دوسری جانب سے بھی اس کی توقع رکھتی ہے-
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ شب پاکستان اور بھارت کے فوجی حکام کا ایل او سی پرراولاکوٹ پونچھ سیکٹر پر مقامی کمانڈرز کی سطح پر ہاٹ لائن رابطہ ہوا-اس موقع پر پاکستانی کمانڈر کی جانب سے بھارتی ہم منصب کو بتایا گیا کہ پاکستانی فوجیوں نے سیز فائر کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی اور نہ ہی لائن آف کنٹرول کو عبور اور نہ بھارتی فوجیوں کی لاشیں مسخ کی گئی ہیں-بھارتی حکام کو بتایا گیا کہ ان الزامات کے حوالے سے میڈیا میں غیر ضروری ہائپ پیدا کی گئی ہے-پاکستان لائن آف کنٹرول پر امن برقرار رکھنے کیلئے پوری طرح پر عزم ہے اور دوسری جانب سے بھی اس کی توقع کی جاتی ہے-امید ہے کہ دانش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی ایسے اقدامات نہیں اٹھائے جائیں گے جوماحول کو نقصان پہنچائیں اور لائن آف کنٹرول پر امن کو متاثر کریں-