جنیوا (آئی این پی) پاکستان نے بھارت کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے سیشن میں منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان پر بلا جواز الزام تراشی کرتا ہے‘ پاکستان میں بھارتی مداخلت کی متعدد بار تصدیق ہوچکی ہے‘ بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کا بیان اور کل بھوشن یادیو کی گرفتاری بھارتی مداخلت کا منہ بولتا ثبوت ہے‘ بھارت کشمیر میں اپنی بربریت کا دنیا کو جواب دے‘ جولائی 2016 سے اب تک
20ہزار سے زائد نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنایا گیا‘ بھارت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے سیشن میں پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ پاکستان نے بھارت کی پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرنے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارتی مداخلت عالمی قوانین کے منافی ہے۔ پاکستان میں بھارتی مداخلت کی متعدد بار تصدیق ہوچکی ہے۔ بھارتی قومی سلامتی مشیر کا بیان واضح ثبوت ہے کل بھوشن یادیو کی گرفتاری بھارتی مداخلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان نے یو این سیکرٹری جنرل کو بھارتی مداخلت کے تحریری ثبوت دیئے ہیں۔ سمجھوتہ ایکسپریس دہشت گردی میں اسیم آنند کا بیان بھارت مسترد نہیں کرسکتا کرنل پروہت کی واقعہ میں سہولت کاری کو بھارت مسترد نہیں کرسکتا۔ بھارت کشمیر میں اپنی بربریت کا دنیا کو جواب دے۔ جولائی 2016 سے لے کر اب تک بیس ہزار سے زائد نہتے کشمیریوںکو نشانہ بنایا گیا۔ کشمیر میں بچوں‘ خواتین‘ بزرگوں پر بھارتی پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کا معاملہ اٹھایا گیا یہ سب کچھ کشمیریوں کے خلاف بھارتی بربریت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بھارت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔