لاہور(آئی این پی) تحر یک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمودقر یشی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سیاسی اکھاڑہ اور ہم اس کا حصہ ہے کیونکہ اگراکھاڑہ نہ رہاتوہم کہاں جائیں گے؟حکومت گھبراہٹ کاشکارہے ،ہمارامقابلہ کسی ادارے یاکسی سیاسی جماعت سے نہیں‘ ہمارامقابلہ کرپشن ا وربدعنوانی کے ساتھ ہے‘ خیبرپختونخواہ میں کرپشن کی بات کرنے والے کوئی ایک ثبوت لاکردکھائیں ،اس وقت ملک میں خیبرپختونخواہ واحدصوبہ ہے جہاں کر پشن نہیں ہو رہی ۔ اپنے ایک انٹر ویو میں شاہ محمودقر یشی نے کہا کہ عام آدمی کو ہمارے احتجاج سے تکلیف نہیں ہوگی ،ہم عام آدمی کی بات ہی کررہے ہیں ،عام آدمی کوکرپشن اوربدعنوانی سے جونقصان اورتکلیف پہنچ رہی ہے اس پربات کون کریگا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس جوآپشن ہیں انہیں استعمال کریں گے ،ہم پارلیمنٹ میں گئے جہاں پرمتفقہ ریزلیوشن ہوئی، 12رکنی کمیٹی بنی،8نشستیں ہوئیں اورہم نے دیکھاکہ حکومت اس بات کوآگے نہیں بڑھاناچاہتی، ہم سپیکرکے پاس بھی گئے، جہاں تک اداروں کی بات ہے تونیب اورایف آئی اے نے بھی کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ اس نظام کوسبوتاژ کرنے سے ہمیں کوئی فائدہ نہیں، ہم اس نظام کاحصہ ہیں ،پارلیمنٹ ہی سیاسی اکھاڑہ ہے ،اگراکھاڑہ نہ رہاتوہم کہاں جائیں گے ۔