صنعاء (این این آئی)یمن میں آئینی حکومت کی رٹ کی بحالی کے لیے سرگرم عرب فوجی اتحاد نے یمنی فوج کے ساتھ مل کر ملک کے مختلف شہروں میں حوثیوں کی طرف سے بچھائی گئی ہزاروں بارودی سرنگیں ناکارہ بنا دیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق یمنی فوج کی طرف سے طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے عرب اتحادی فوج کے ساتھ مل کر صعدہ اور الجوف گورنریوں کو ملانے والی بین الاقوامی شاہراہ کے اطراف اور کتاف البقع میں نصب کی گئی سات ہزار بارودی
سرنگیں تباہ کی ہیں۔صعد میں متعین یمنی فوج کی انجینئرنگ یونٹ کے کمانڈر کرنل سیف السفلی نے کہا کہ عرب اتحادی فوج کے تکنیکی ماہرین کی معاونت سے ملٹری انجینئرنگ کے اہلکاروں نے مختلف شکلوں اور حجم کی کم سے کم سات ہزار بارودی سرنگیں تلف کی ہیں۔یمنی فوجی افسر کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شہریوں اور قصبوں کے وسط میں آبادی کے اندر بارودی سرنگیں نصب کرتی ہے جس کے نتیجے میں شہریوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات بڑھ گئے ہیں۔