دمشق(این این آئی)شام کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی جیمز جیفری ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ ترکی پہنچ گئے جہاں وہ ترک حکام کے ساتھ شام سے امریکی فوج کے انخلاء دیگر امور پر بات چیت کریں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی ایلچی کے دورہ ترکی میں وزیر خارجہ مولود چاوش اوغلو، ایوان صدر کے ترجمان اور قومی سلامتی کمیٹی کے وائس چیئرمین ابراہیم قالن کے ساتھ ملاقات شامل ہے۔ وزیر خارجہ چاوش اوغلو شام کے لیے امریکی مندوب جیمز جیفری سے ملاقات
کریں گے۔ اس ملاقات میں شام سے امریکی فوج کے انخلاء ، محفوظ زون کے قیام اور امریکا کی طرف سے کرد تنظیم پی کے کے کو دیا گیا اسلحہ واپس لینے پر بات چیت کی جائے گی۔ترک وزیر خارجہ کا کہناتھا کہ شام میں محفوظ زون کی تجویز کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، تاہم شام میں کوئی بھی ایسا فیصلہ ترکی کی رضامندی اور معاونت ہی کے ذریعے ممکن ہے۔ترک وزیر نے کہا کہ ترکی کی سرحد کے قریب محفوظ زون شمالی عراق کی سرحد پر بنائے گئے محفوظ زون سے مختلف ہونا چاہیے۔