اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عرب امارات نے غیر ملکی ملازمین کیلئے ویزہ پالیسی اور سہولتوں کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق د بئی کے فرماں روا شیخ محمد بن رشید المکتوم جو کہ متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور نائب صدر بھی ہیں کی سربراہی میں گزشتہ روزاماراتی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں غیر ملکی ملازمین کی ویزہ پالیسی اور ان کو سہولتیں دینے کے حوالے سے فیصلے کئے گئے ۔
کابینہ نے غیر ملکی ورکرز کے لیے انشورنس کی پالیسی متعارف، ویزہ سہولتوں کے قانونی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پہلے نجی کمپنیاں فی ورکر کے حوالے سے تین سو اماراتی درہم جمع کروانے کی پابند تھی تاہم اب اس کی جگہ انشورنس کی رقم کرتے ہوئے ہر ورکر کیلئے سالانہ 60اماراتی درہم جمع کروانے ہونگے۔ نئی ویزہ پالیسی کی بدولت نجی شعبے میں ورکرز کے حقوق کا تحفظ ممکن، تجارتی شعبوں کو تقریباً 14 بلین اماراتی درہم حاصل ہونگے جو کے معیشت کی ترقی اور اضافے کا سبب بنیں گے۔ نئے نظام کے تحت متعارف کرائی گئی انشورنس پالیسی کے تحت ورکر کو ملازمت کی مُدت کے بعد حاصل ہونے والے بینفیٹس‘ تعطیلات الاؤنس‘ اوور ٹائم الاؤنس‘ غیر ادا شدہ تنخواہیں‘ ورکرز ریٹرن ٹکٹ‘ کام کے دوران زخمی ہونے کے معاملات کا احاطہ کرتی ہے جس کے تحت ہر ورکر کو 20 ہزار اماراتی درہم کی انشورنس دی جائے گی۔ نئے قانونی پیکج کے تحت وزٹ ویزہ پر مقیم افراد اور فیملیاں جو قیام کی مدت سے زیادہ عرصہ رہنے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوتے ہیں اُن کے لیے بھی ویزہ کے ضمن میں بہت سی آسانیاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس پیکج کے تحت یونیورسٹی کے طالب علموں کے لیے ویزہ میں دو سال کی توسیع بھی شامل ہے جبکہ ٹرانزٹ ویزہ کے حصول اور فیس میں بھی آسانیاں پیدا کر دی گئی ہیں۔