لاہور(آئی این پی )قطر کا پانچ رکنی وفد ہنگامی دورے پر لاہور پہنچ گیا ،وزیراعلی شہباز شریف اور قطر کے پانچ رکنی وفد کے درمیان ملاقات میں خلیجی بحران کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا،دو گھنٹے قیام کے بعد دوبارہ قطر کیلئے روانہ۔ نجی ٹی وی کے مطابق قطر کا پانچ رکنی وفد ہنگامی دورے پر لاہور پہنچا جس نے قطر اور عرب ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے معاملے پر وزیراعلی شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں خلیجی بحران کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تین قطری شہزادوں، دو سیکریٹریز اور وزیراعلی شہباز شریف کے درمیان ایک گھنٹے تک ملاقات جاری رہی۔قطری شہزادوں میں محمد احمد المنصوری،عبداللہ اور سعود محمد المعاد شامل تھے۔ وفد نے صرف دو گھنٹے لاہور میں قیام کیا اور وہ دوبارہ قطر کیلئے روانہ ہوگیا۔ بعض سیاسی حلقوں کی جانب سے ملاقات کو پاناما تحقیقات سے بھی منسوب کیا جارہا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے، پاکستان کے قطر کے ساتھ تجارتی تعلقات برقرار ہیں۔ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ حکومت برآمد کنندگان کو ہر ممکن مد فراہم کرے گی تاہم تاجر بھی قطر کو برآمدات جاری رکھنے کے لئے متبادل روٹس کی تلاش کریں۔انہوںنے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان عموماً قطر کو مال متحدہ عرب امارت کے زمینی باڈر سے بھجواتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان باڈر کی بندش کے باعث پاکستانی برآمد کنندگان کیلئے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت برآمد کنندگان کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔