اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کے خفیہ اداروں نے الزام لگایا ہے کہ گزشتہ روز کابل میں کیے گئے حملے میں حقانی نیٹ ورک ملوث ہے، حملے کی منصوبہ بندی حقانی نیٹ ورک نے پاکستانی خفیہ ادارے کے تعاون سے کی تھی،دوسری جانب پاکستان نے افغان خفیہ ایجنسی کی جانب سے کابل دھماکے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل دھماکے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا بے بنیاد ہے۔
دھماکے میں ہمارے سفارت خانے کے اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں،پاکستان نے افغانستان میں امن قائم کرنے کی ہمیشہ مخلصانہ کوششیں کی ہے،افغانستان میں امن قائم نہ ہونے کی وجہ افغانستان کے اندر موجود دہشتگرد عناصر ہیں، بعض عناصر دونوں ممالک کے مابین تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں۔جمعرات کو افغان خبررساں ادارے ”خاما پریس “ کے مطابق افغان انٹیلی جنس این ڈی ایس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل حملے کے پیچھے حقانی نیٹ ورک ملوث ہے ۔قابل اعتماد انٹیلی جنس معلومات سے تصدیق ہوئی ہے کہ حملہ حقانی نیٹ ورک نے پاکستانی خفیہ ایجنسیوں کی مدد سے براہ راست ہدایات پر کیا۔اس سے قبل افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل حملے سے اظہار لاتعلقی کرتے ہوئے کہاکہ تھاکہ انکی تحریک کا اس حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کابل کے گرین زون میں ہونے والے اس حملے میں 90سے زائد افراد ہلاک جب کہ تقریبا 400 سے زخمی ہو گئے تھے۔