واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے چین کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں، جب کہ روس کے ساتھ قریبی تعلقات کی کوششوں سے پاکستان کے امریکاکے ساتھ روایتی تعلقات پر اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔امریکی میڈیا سے اپنی پہلی بات چیت میں واشنگٹن میں نئے تعینات ہونے والے سفیر اعزاز احمد کا کہنا تھا کہ اسلام آباد خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے، اور خطے کے دوسرے ممالک کو پاکستان اور
چین کے تاریخی تعلقات کو اپنے لیے خطرے کے طور پر نہیں دیکھنا چاہئیے۔رپورٹ کے مطابق اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، کیوں کہ عسکریت پسند گروپ داعش کو شکست دینا دونوں ممالک کا مشترکہ مقصد ہے، جب کہ امریکا اور چین کے درمیان ایک پل کے طور پر پاکستان کا اسٹریجک کردار بھی ہے۔اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی جانب سے روس کے ساتھ تعلقات کو بڑھانے کا مقصد علاقائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔