تہران ( آئی این پی ) ایرانی بارڈر گارڈ کے کمانڈر قاسم رضائی نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنی مشترکہ سرحد کو محفوظ بنانے کیلئے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کر رہا ،ملک سے بڑی تعداد میں قانون شکن عناصرنے جرائم کا ارتکاب کرنے کے بعد فرار ہوکر پاکستانی سرزمین پر پناہ حاصل کر لی ہے ،
ایسے عناصر سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی مسائل میں اضافے کی وجہ بن رہے ہیں ۔ ایرانی خبر رساں ادارے ارنا نیوز کے مطابق بارڈر گارڈ کے کمانڈر قاسم رضائی کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران کی اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ مشترکہ سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی برقرار رکھنے کےحوالے سے توقعات کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ ملک سے بڑی تعداد میں قانون شکن عناصر جرائم کا ارتکاب کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں جنہوں نے اب پاکستانی سرزمین پر پناہ حاصل کر لی ہے ۔ ایسے عناصر سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی مسائل میں اضافے کی وجہ بن رہے ہیں ۔ ہم ایک اسلامی ملک پاکستان کی جانب سے اس لاتعلق رہنے کی توقع نہیں کر رہے ۔ ایرانی کمانڈر نے کہا کہ توقع ہے کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہونے کے ناطے مشترکہ سرحدی علاقوں کو کنٹرول کرنے کے لئے ایران کے ساتھ تعاون کرے گا۔