ریاض(آئی این پی )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سعودی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے تعلققات کو مزید مستحکم بنانے، دفاعی شعبے میں تعاون کو بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی ہے
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف جو ان دنوں سعودی عرب کے دورے پر ہیں ریاض میں سعودی نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور سعودی نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دفاعی شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں رہ نماؤں نے سعودی عرب اور پاکستان کیمشترکہ مفادات کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں سعودی عرب کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل عبدالرحمان البنیان، وزیر دفاع کے معاون خصوصی محمد العایش، وزیر دفاع کے عسکری مشیر جنرل احمد عسیری اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ وزیر دفاع وطن وآپسی پر دورہ سعودی عرب اور سعودی قیادت سے ہونے والی اہم ملاقاتوں سے متعلق وزیراعظم نواز شریف کو آگاہ کریں گے ۔