نئی دہلی (آن لائن) بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستا ن میں اس حوالے سے ریفرنڈم ہونا چاہئے کہ اس کے شہری وہاں رہنا چاہتے ہیں یا بھارت کے ساتھ انضمام چاہتے ہیں ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترکھنڈ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کشمیر بھارت کا حصہ تھا اور رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر پر ریفرنڈم چاہتا ہے لیکن ایک
چیز واضح ہے کہ کشمیر بھارت کے ساتھ تھا اور بھارت کے ساتھ ہی رہے گا اور کوئی بھی قوت اسے تبدیل نہیں کر سکتی اس کے بجائے پاکستان میں ریفرنڈم ہونا چاہئے جس میں پوچھا جائے کہ اس کے شہری اسی ملک میں رہنا چاہتے ہیں یا بھارت کے ساتھ انضمام چاہتے ہیں ۔ وزیر داخلہ نے تعلقات میں خرابی کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کہا میں پاکستان کو یہ بتانا چاہتے ہوں کہ بھارت ہمیشہ سے پرامن تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے لیکن یہ اسلام آباد ہی ہے جو ان تعلقات میں بگاڑ چاہتا ہے انہیں دہشتگردوں اور ان لوگوں کو روکنا چاہئے جو کشمیر میں ریفرنڈم کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ اب دنیا ہندوستان کو ایک کمزور ملک کے طور پر شمار نہیں کرتی ۔ سرجیکل اسٹرائیکس کے ذریعے ہم نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ ہم بھی مضبوط ایکشن لے سکتے ہیں ۔