اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) تازہی ترین میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کی ضرورت ہے،ہم پڑوسیوں کو تبدیل نہیں کر سکتے ، ہمیں ان سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرمملکت برائے امور خارجہ ایم جے اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ہم پڑوسیوں کو تبدیل نہیں کر سکتے ، ہمیں ان سے نمٹنے کی ضرورت ہے لیکن ہمیں اپنی آنکھیں کھول کر ان سے نمٹنا ہوگا ، ہم چاہتے ہیں کہ امن ہو اور مذاکرات ہونے چاہئیں۔ ایم جے اکبر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران پڑوسیوں کی پالیسی کے تحت پاکستان کے ساتھ بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوششیں کیں حالانکہ پڑوسی ملک میں مذاکرات کی بحالی کی کوششوں میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ گولیوں کی گونج میں امن قائم نہیں ہو سکتا ،مذاکرات اور دہشتگردی ایک ساتھ نہیں چل سکتے، اسے روکنے کی ضرورت ہے ، آگے بڑھنے کے لئے اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔