واشنگٹن(نیوز ڈیسک) داعش کے دہشتگرد گروہ کے شدت پسند افغانستان کے ضلع اشین میں تین مقامات پر نجی قیدخانے چلارہے ہیں۔ یہ بات ضلع کے گورنر نے ’وائس آف امریکہ‘ کی افغان سروس کو بتائی۔ اشین مشرقی صوبہ ننگرہار کے سات اضلاع میں سے ایک ہے جہاں داعش اور مقامی طالبان کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ اشین کے گورنر، حاجی غالب مجاہد نے کہا ہے کہ قیدخانوں میں بند لوگوں کی اکثریت افغان اہل کاروں پر مشتمل ہے۔ حاجی غالب مجاہد کے بقول داعش نے 127 افراد کو قید کر رکھا ہے۔ قیدیوں میں مذہبی رہنما اور زعما بھی شامل ہیں۔ زیادہ تر قیدیوں میں افغان نیشنل آرمی، افغان نیشنل پولیس اور افغان مقامی پولیس کے ارکان شامل ہیں۔ گورنر نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ داعش کے شدت پسندوں نے کس طرح سے مقامی افراد کے ساتھ مبینہ خراب رویہ جاری رکھا ہوا ہے۔