واشنگٹن(نیوز ڈیسک) شام میں النصرہ فرنٹ نے شمال مغربی صوبے ادلب میں شامی فوج کو شکست دے کر ایک اہم ہوائی اڈے پر قبضہ کرلیا ہے۔ شام کے سرکاری ٹی وی نے ابو ظہر نامی فوجی ہوائی اڈے پر باغیوں کے قبضے اور وہاں سے سرکاری فوجی دستوں کے انخلا کی تصدیق کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہوائی اڈے پر قبضہ ’القاعدہ‘ سے منسلک شامی باغیوں کی تنظیم ’النصرہ فرنٹ‘ اور اس کے اتحادی گروہوں کے جنگجووں نے کیا ہے جنہوں نے گزشتہ دو برس سے ہوائی اڈے کا محاصرہ کیا ہوا تھا۔ برطانیہ میں قائم شامی حزبِ اختلاف کی حامی تنظیم ’سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ کے مطابق کئی روز سے جاری جھڑپوں کے بعد سرکاری فوج ہوائی اڈے سے پسپا ہوگئی ہے اور باغیوں نے اڈے پر قبضہ کرلیا ہے۔ ابوظہر ایئر پورٹ صوبہ ادلِب میں شام کی سرکاری فوج کا آخری مضبوط مرکز تھا جس پر باغیوں کے قبضے کو صدر بشار الاسد کی حکومت کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں