ابو ظہبی (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے غیرملکیوں کے لئے اپنے ممالک میں رقوم بھجوانے کے لئے ٹیکس عائد کرنے کافیصلہ کرلیاہے ۔تفصیلات کے مطابق فیڈرل نیشنل کونسل کے ایک رکن کی طرف سے تجویز دے دی گئی ہے کہ غیر ملکیوں کی طرف سے اپنے ممالک کو بھیجے جانے والے اربوں درہم پر ٹیکس عائد کیا جائے۔ام ا لقوین سے تعلق رکھنے والے سینئیر رکن علی جاسم نے یہ تجویز سال 2012 اور 2013 کی آڈٹ رپورٹ پر بحث کے لئے منعقدہ اجلاس میں پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کی آمدنی بڑھانے کے لیے یہ اقدام مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیسیں جمع کرنے کے لئے ایک کلیکشن سسٹم قائم کرنا بھی ضروری ہو گا تا کہ وفاقی حکام مناسب طور پر یہ رقم اکھٹی کر سکیں۔ جب میڈیاکی طرف سے وزیر مملکت برائے مالی امور سے اس تجویز کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ اسمبلی کے ایک رکن کی زاتی رائے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس نوعیت کے اہم معاملات پر مکمل غوروخوض کے بغیر تبصرہ نہیں کرتی۔متحدہ عرب امارات کی تقریباً 80 لاکھ آبادی میں سے تقریباً 80 فیصد غیر ملکی ہیں اور ان میں سے اکثریت کا تعلق جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک سے ہے۔ایک اندازے کے مطابق گزشتہ سال غیر ملکیوں نے تقریباً 12.3 ارب ڈالر کی رقم اپنے ممالک کو بھیجی۔