اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اقوام متحدہ کے ڈ پٹی سیکر ٹر ی جنر ل جا ن ایلسن نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کے کردار اور کارکردگی کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعدد عالمی امن مشن میں پاکستانی فوجی اور سول اہلکاروں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے پاکستانی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی طرف سے امن مشن میں شامل فوج کے عالمی دن اور اس میں پاکستان کا کردار کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔ دریں اثناءتقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں اقوام متحدہ کی امن فوج میں 142 پاکستانی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جس سے بات واضح ہوتی ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں امن کا متلاشی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشن پروگرام پاکستان کی بھرپور نمائندگی ہے جو دنیا بھر میں نہ صرف لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے میں کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ مختلف ممالک میں ترقیاتی منصوبوں کی پایہ تکمیل میں بھی پاکستانی دستوں کا اہم کردار شامل ہے جس کی واضح مثال لائبریا میں ایبولا وائرس کے پھیلاﺅ کے دوران پاکستان کی خواتین ڈاکٹروں نے ادا کیا جو کہ قابل تحسین ہے۔ اس موقع پر موجود پاکستانی سیکرٹری امور خارجہ اعزاز چوہدری نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستانی فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں امن قائم کرنے اور لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے میں اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔