اسلام آباد(نیوز ڈیسک)انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے جنگی جرائم میں ملوث اسرائیلی فوج اور پاکستان کے مسلح گروہوں کو اقوام متحدہ کی سالانہ لسٹ آف شیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا ہے کہ گزشتہ سال غزہ پر اسرائیلی حملوں میں500 سے زائد بچوں کی ہلاکت پر اسرائیل کو سالانہ لسٹ آف شیم میں شامل کیا جائے، تنظیم کا مطالبہ ہے کہ بان کی مون امریکا اوراسرائیل کے دباو کے بغیر حقائق کی بنیاد پر فہرست مرتب کریں، تاکہ جنگوں میں بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ ہیومین رائٹس واچ نے فلسطینی تنظیم حماس اور پاکستان میں آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں اور دیگر مسلح گروہوں کو بھی لسٹ آف شیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے، اقوام متحدہ کی سالانہ لسٹ آف شیم اگلے ہفتے جاری کی جائے گی۔ اس بار اس گروپ میں دولت اسلامیہ “داعش” ، افریقی ملکوں میں سرگرم “بوکوحرام” اور شام سمیت آٹھ ممالک کی افواج کو بھی دہشت گردی کی فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے۔