اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست مانی پور میں علیحدگی پسندوں کے حملے میں 20 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی مانی پور کے ضلع ضلع چندل میں ڈوگرا رجمنٹ فوجی کے قافلے کو علیحدگی پسندوں نے نشانہ بنایا جس سے بیس فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ فوجی قافلہ موتل سے ایمپل کی جانب جا رہا تھا کہ علیحدگی پسندوں کا نشانہ بن گیا۔ واضع رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک عورت کا قتل ہو گیا تھا جس کیخلاف پورے ڈسٹرکٹ میں مکمل ہڑتال کی گئی تھی۔ عسکری ماہرین کے مطابق علیحدگی پسندوں کا یہ حملہ اس واقعے کیخلاف جوابی کارروائی ہو سکتا ہے۔ خیال رہے کہ مانی پور ان بھارت کی ریاستوں میں شامل ہے جہاں گزشتہ کئی دہائیوں سے علیحدگی کی تحاریک چل رہی ہیں۔ بھارتی سیکیورٹی فورسز متنازع آرمڈ فورسز سپیشل پاورس ایکٹ (اے ایف ایس پی اے) کے بے دریغ استعمال کے باوجود علیحدگی پسندوں کی تحریکوں کو کچلنے میں ناکام ہے۔ اس کالے قانون کے تحت بھارتی فورسز کو طاقت کا ہر طرح سے استعمال کرنے کا اختیار حاصل ہے۔