اسلام آباد(نیوز ڈیسک)برطانوی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار پولیس کی وردیوں میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ تجربہ لندن کی پولیس کے 20 ہزار اہلکاروں کی وردیوں میں کیمرے نصب کرنے سے کیا جائے گا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی وردیوں میں کیمرے لگانے کا مقصد عوام کا پولیس پر اعتماد بحال کرنا اور پولیس کے دعووں کے ثبوت جمع کرنا ہے۔دارالحکومت لندن کے پولیس کمشنر برنارڈ ھوجان ھاﺅ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ “طویل عرصے سے ہمارے ادارے ٹیکنالوجی کی مدد سے حادثات اور وقوعہ کی فوری تفصیلات حاصل کرتے رہے ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی ایک کیمرے پر مشتمل ہوتی ہے جو کسی بھی پولیس اہلکار کے یونیفارم کی جیب میں رکھا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات واقعات کو ریکاڈ میں لانے کے لیے اب ہماری پولیس کے مزید افسر اور اہلکار بھی ان کیمروں کو استعمال کریں گے۔خیال رہے کہ لندن میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم کے بعض واقعات پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے یہ شکایات سامنے آئی تھیں کہ پولیس اقلیتوں کے ساتھ نسلی امتیاز کا برتاﺅ کرتی ہے جس کے بعد پولیس پرعوام کی بد اعتمادی میں اضافہ ہوگیا تھا۔پولیس کمشنر نے بتایا کہ ہم نے 1000 اہلکاروں کے یونیفارم کی جیب میں خفیہ کیمرے نصب کرکے اس کا تجربہ کیا ہے جو نہایت کامیاب رہا۔ ان کیمروں سے پولیس کی تلاشی اور تفتیش کے دوران طرز عمل کا پتا چلانے میں آسانی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی وردیوں میں خفیہ کیمرے نصب کرنے سے واقعات کی جلد چھان بین میں مدد ملتی ہے اور عدالتیں کیسز کو جلد نمٹا دیتی ہیں۔ نیز اس کے نتیجے میں جرائم کی روک تھام میں بھی مدد ملی ہے۔