لاس اینجلس(نیوزڈیسک )امریکی میں ایک مسلم شخص کو پولیس نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ۔ مقتول کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ 20 سالہ فراس مراد واقعے کے موقع پر غیر مسلح تھا۔یہ واقعہ امریکی شہر لانگ بیچ پر گزشتہ بدھ کو پیش آیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول کو قتل کرنے سے قبل اسے الیکٹرانک ڈیوائس کے ذریعے روکنے کی کوشش کی گئی تھی تاہم وہ قابو میں نہیں آئے۔پولیس کے مطابق فراس لانگ بیچ کا رہائشی تھا اوران کے دوستوں نے فراس کو روکنے کی بھرپور کوشش کی تاہم انہوں نے دوستوں گرفت سے خود کو چھڑا کر دوسری منزل سے چھلانگ لگادی۔انہوں نے بتایا کہ فائر فائٹرز کو بلایا گیا اور انہوں نے معاملہ پولیس کو رپورٹ کیا۔پولیس اعلامیے کے مطابق اہلکار نے فراس کو پرسکون رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ وہ اس کی مدد کے لیے آیا ہے تاہم مقتول نے پولیس اہلکار کی طرف بڑھنا شروع کردیا۔اعلامیے کے مطابق فراس کو روکنے کی بھرپور کوشش کی گئی تاہم جب فراس نے اہلکار پر حملہ کرنے کی دھمکی دی تو اہلکار نے فائرنگ کردی۔بعدازاں انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ پولیس اہلکار کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔