اسلام آباد(نیوز ڈیسک)امریکا میں پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے افراد کی تعداد گزشتہ دس سال کے مقابلے میں دوگنی ہو گئی۔ رواں سال کے 5 ماہ میں امریکی پولیس کے ہاتھوں 385 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ معروف امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق سال 2015ء کے آغاز سے اب تک پولیس اہلکاروں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران 5 ماہ میں 385 افراد کو ہلاک کیا۔ پولیس کے ہاتھوں ہر دن 2 افراد قتل ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق مارے جانے والے 80 فیصد افراد کے پاس سے جان لیوا ہتھیار برآمد ہوئے جبکہ 92 افراد کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قتل ہونے والوں میں سیاہ فام کے ساتھ گورے بھی شامل ہیں تاہم یہ تعداد گزشتہ دس سال کے مقابلے میں دوگنی ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ دہائی میں ہر سال تقریبا 4 سو افراد پولیس کے ہاتھوں قتل ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر پولیس کی کارروائیاں اسی طرح جاری رہیں تو رواں سال کے اختتام پر یہ تعداد ایک ہزار سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں