واشنگٹن(نیوزڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس میں شدید بارشوں کے بعد دریاوں میں طغیانی آنے سے اب تک 16 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ متعدد اب بھی لاپتہ ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی امریکی ریاستوں میں شدید بارشیں جاری ہیں جب کہ بارشوں کے بعد طغیانی کے باعث مختلف حادثات و واقعات میں اب تک 16 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ سب سے ذیادہ ہلاکتیں شمالی ٹیکساس اور ہیوسٹن کی نواح میں ہوئی ہیں اورشہروارٹن میں بپھرے ہوئے دریائے کولاراڈو کے پیشِ نظر سینکڑوں افراد کو فوری طور پرعلاقہ چھوڑنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔امریکی قومی موسمیاتی سروس کے مطابق ٹیکساس کے جنوب میں بارشوں سے سان اینتونیو، ڈیلاس اور اوکلاہوما شدید متاثر ہوئے ہیں، موسلا دھار بارش کے بعد برازوس دریا سیلابی حد سے بھی تین فٹ بلند ہوگیا جب کہ دیگر دریا بھی اپنے کناروں سے باہر بہنا شروع ہوگئے جس سے کءمکانات سیلابی پانی میں بہہ گئے۔دوسری جانب دریائے برازوس سے آنے والا پانی 50 کلومیٹر کے علاقے تک پھیل گیا ہے جس سے سینکڑوں مکانات متاثر ہوئے ہیں۔ مئی کے مہینے میں ٹیکساس ریاست میں اوسطاً 19 سینٹی میٹر بارش ہوئی جس نے 2004 میں ہونے والی 17 سینٹی میٹر بارش کا ریکارڈ توڑدیا ہے۔ شدید بارشوں کے بعد صرف سان مارکوس شہر میں اٹھ لوگ اب تک لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے جبکہ امدادی ٹیموں نے کم از کم 100 افراد کو پانی سے نکالا ہے اور اس کے باوجود دریاوں کی سطح بلند ہورہی ہے۔