ژیننگ (آئی این پی)چین کے محکمہ آثار قدیمہ کے ماہرین نے چین کے شمال مغربی صوبے کنگ ہائی کے بارے میں تصدیق کردی ہے کہ دس ہزار سال قبل چار ہزار میٹر طول بلد کنگ ہائی تبت پلیٹو پر بھی انسانی زندگی کے آثار موجود تھے ، کنگ ہائی نارمل یونیورسٹی اور کنگ ہائی آرکیالوجیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ تبت کے خود مختار علاقے بولاگ میں قبل از تاریخ کے راکھ کے آثار پائے گئے ہیں ،راکھ کی اس تہہ سے پتہ چلتا ہے کہ دس ہزار سال قبل یہاں انسانی زندگی کی سرگرمیاں موجود تھیں ، اسی جگہ پر پتھروں سے بنے ہوئے کئی درجن ہتھیار ملے ہیں ، ان سے بھی قبل از تاریخ کی انسانی زندگی کا پتہ چلتا ہے کہ وہ ان ہتھیاروں سے شکار کھیلتے تھے اور ایسے ہتھیار تیار بھی کرتے تھے ، یہ پلیٹو پر انسانی زندگی کی سب سے قدیم شہادت ہے۔ماہر ہو گوانگ لیانگ کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے قدیم انسانی زندگی اور ماحول کے بارے میں نمایاں تحقیق سامنے آئی ہے ، کنگ ہائی تبت پلیٹو جو چار ہزار میٹر طول بلد پر واقع ہے وہاں آکسیجن کی بہت کمی ہے ، درجہ حرارت بھی کم ہے ، ہر وقت جھکڑ چلتے رہتے ہیں اور تیز الٹراوائیلٹ شعاعیں موجود رہتی ہیں ۔