قاہرہ (این این آئی) مصر کے ایک عام شہری نے اپنے بارہ سالہ بیٹے کی دس سالہ بچی کے ساتھ شادی رچا کر نہ صرف کم سن دلہا دلہن کی شادی کا نیا ریکارڈ قائم کیا بلکہ سلامی کی شکل میں پیسے جمع کرنے کا حربہ آزمایا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق مصر میں شادی بیاہ کے مواقع جہاں وسیع پیمانے پر اخراجات کا موجب بنتے ہیں وہیں لوگ شادیوں کے موقع پر دوست احباب سے ’النقوط‘ یعنی سلامی اور تحائف کی شکل میں اچھی خاصی رقم بھی بٹور لیتے ہیں۔ کم سن دلہا کے والد کے ذہن میں بھی یہ خبط سوار ہوا کہ وہ بارہ سالہ لڑکے کی شادی کراکے احباب سے خوب ’النقوط‘ حاصل کرے گا۔ الدقھلیہ گورنری کے بلقاس شہر میں المعصرہ کے مقام پر یہ منفرد شادی انجام پائی۔ دلہا کے والد سعید عبدالعزیز نے اپنے 12 سالہ بیٹے فارس عزیز کی شادی ایک 10 سالہ بچی نینسی کے ساتھ کرائی۔ ننھے دلہا دلہن کی شادی کی تقریب میں اہل علاقہ اور دوسرے قصبوں کے مردوخواتین کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔ اطلاعات ہیں کہ دلہا کے والد نے اس موقع پرخوب ’نقوط‘ جمع کیے ہیں۔بعض شہریوں نے کم سن بچوں کی شادی کی تقریب پر ان کے والدین کو کڑی تنقید کا بھی نشانہ بنایا۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ ایک تو ان لوگوں نے بچوں کی شادی کرادی، اس پرمزید یہ کہ شادی کے موقع پر موسیقاروں اور ڈائسروں کی بڑی تعداد کو مدعو کرکے اسے ایک عیش و نشاط کی تقریب بنا دیا تھا۔