لندن(نیوز ڈیسک)تقریبا 90% لوگ یہ نہیں جانتے ہوں گے کہ دنیا کے مشہور ترین سیاسی دروازے کے پیچھے کیا ہے ! یہ واشنگٹن میں وہائٹ ہاؤس کے بعد کرہ ارض پر دوسرے اہم ترین حکومتی صدر دفتر کا چمچماتا ہوا سیاہ دروازہ ہے۔ لندن میں اپنے پتے یعنی “10 ڈاؤننگ اسٹریٹ” کے نام سے ہی معروف یہ برطانوی حکومت کا صدر دفتر اور وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ کی سرکاری رہائش گاہ بھی ہے۔اس عمارت کے بارے میں جس کو مختصراNumber 10 بھی کہا جاتا ہے ، بہت سی چیزوں کا علم خود برطانوی شہریوں کی اکثریت کو بھی نہیں ہے۔ ان میں مرکزی دروازے کی چمک کا راز جو کہ انتہائی سیاہ اور کوئلے کی مانند گہرا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مذکورہ دروازہ جس کو باہر سے کھولا جانا ممکن ہی نہیں ، مکمل طور پر ایسی دھات سے تیار کیا گیا ہے جس پر دھماکا خیز مواد اثر نہیں کرتا۔ اس پر موجود قلعی کی تہہ کسی بھی آلے کے سبب خارج ہونے والی گرمی سے دروازے کو پگھلنے نہیں دیتی۔ چمک دار نوعیت کی اس قلعی کا استعمال 90ء کی دہائی کے آغاز سے ہوا جب آئرش ریپبلکن آرمی کے عناصر کی جانب سے مارٹر گولوں سے حملے کے بعد ، دروازے کی تیاری کو اوک کی لکڑی سے دھات میں تبدیل کر دیا گیا۔جہاں تک اس سڑک کا تعلق ہے جس پر برطانوی حکومت کا صدر دفتر واقع ہے تو اس کا نام Sir George Downing کے نام پر ہے جو اسی علاقے میں بڑی تعداد میں رہائش گاہوں کی تعمیر کے حوالے سے مشہور ہیں۔ ڈاؤننگ اسٹریٹ کی تعمیر 1735ء میں ہوئی اور اس کو مشہور گرجا گھروں کے خاکے تیار کرنے والے سَر کرسٹوفر رین نے ڈیزائن کیا۔اس عمارت میں ایک کمرہ ایسا بھی ہے کہ جب کوئی وزیراعظم اس کا رنگ تبدیل کرواتا ہے تو کمرے کا نام بھی تبدیل ہوجاتا ہے۔ اس وقت مذکورہ کمرے کا نامTerracotta Room ہے کیوں کہ اس کا رنگ مٹی کی اینٹ جیسا ہے ۔ معروف برطانوی خاتون وزیراعظم مارگریٹ تھیچر سے قبل اس کا رنگ نیلا تھا۔ تھیچر نے آ کر اس کا رنگ سبز کروا دیا۔ کمرے کو اس میں رکھے نادو و نایاب قسم کے فن پاروں کی وجہ سے امتیازی حیثیت حاصل ہے۔1924ء سے یہ تین منزلہ صدر دفتر 100 کمروں پر مشتمل ہے۔ سب سے بالائی منزل وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ کی رہائش کے لیے مخصوص ہے۔ عمارت میں بلی یا بلّے کی بھی بطور “ملازم” خدمات حاصل کی جاتی ہیں تاکہ چوہے اور اس سے ملتی جلتی چیزوں کا شکار کیا جاسکے۔ بنیادی طور پر عمارت کا پتہ 5 ڈاؤننگ اسٹریٹ تھا جو 1779ء میں بدل کر مشہور 10 کردیا گیا۔ عمارت کے سیاہ دروازے پر کھدے ہوئے 10 کے ہندسے کا صفر “0” کسی بھی تصویر میں ہمیشہ بائیں جانب مائل ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ اس کی وجہ تلاش کرنے کی کوشش کرنے والا تھک کر چْور ہوجائے گا مگر کوئی سبب نہیں پاسکے گا۔یہ عمارت پورے برطانیہ میں سب سے محفوظ اور پر امن ہے۔ بڑے مہمانان گرامی کے سوا ، اس کے اندر جانے والا ہر شخص ریڈیئیشن سروے میٹر سے لیس دروازے اور مسلح سیکورٹی اہل کاروں کی کڑی نگرانی میں سے گزرنے کا پابند ہے۔ اس حوالے سے انتہائی حیرت انگیز امر یہ ہے کہ ٹونی بلیئر کی وزارت عظمی کے پہلے پانچ برسوں کے دوران “10 ڈاؤننگ اسٹریٹ” سے 37 کمپیوٹر ، 4 موبائل فون سیٹ ، دو وڈیو ریکارڈر کیمرے ، 4 پرنٹرز اور ایک بائیسکل چوری ہوئی۔