اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک ڈینگی سے متاثرہ علاقے تہکال کے دورے پر گئے، وزیراعلیٰ پرویز خٹک ڈینگی کے پھیلنے اور متعدد ہلاکتوں کے ایک ماہ بعد اس علاقے میں پہنچے اور شہریوں سے ملاقات بھی کی۔ پرویز خٹک نے ڈینگی سے جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء سے تعزیت کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ مجھے محکمہ صحت پنجاب کی ٹیم کی آمد کے متعلق نہیں بتایا گیا،
محکمہ صحت پنجاب کی ٹیم پر برسنے کے بعد انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو فون کیا اور کہا کہ وہ انہیں بھی ڈینگی کے خاتمے کا جادو بتائیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب میں کئی سالوں میں ڈینگی پر قابو پایا گیا، پرویز خٹک نے کہا کہ صوبوں کو ایک دوسرے کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے، اگر پنجاب میں ڈاکو پولیس اہلکاروں کو اغواء کر لیں تو کیا ہم خیبرپختونخوا سے پولیس انہیں بازیاب کرانے کیلئے بھیجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب کی ٹیم نے یہاں آ کر براہ راست کام شروع کر دیا یہ کیا طریقہ ہے۔ وزیرصحت شہرام ترکئی بھی پہلی بار وزیراعلیٰ پرویزخٹک کے ساتھ ڈینگی سے متاثرہ اس علاقے پہنچے، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ڈینگی کے پھر پانچ کیسز سامنے آئے ہیں، پشاور میں ہم گھر گھر ٹیمیں اس موذی مرض کے خاتمے کیلئے شہریوں میں آگاہی کے لییبھیج رہے ہیں۔ ایم پی اے یاسین خلیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ بعض لوگ ایک وین لاکر ڈینگی پر سیاست کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ دو دن کے اندر خود علاقے کو ڈینگی سے پاک کر دیں گے۔ وزیراعلیٰ پختونخوا پرویزخٹک نے ڈینگی سے ہلاک ہونے والے افراد کے ورثاء میں فی کس پانچ لاکھ روپے تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے علاقے تہکال میں ڈینگی مریضوں کی تشخیص کے بعد پنجاب گورنمنٹ نے ڈینگی کے خلاف اپنی خصوصی ٹیم بھیجی تھی، جس پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے شدید غصے کا اظہار کیا۔