ممبئی (این این آئی) بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے بھارتی حکومت کو پدما شری ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کردیا۔ خیال رہے کہ پدما شری ایوارڈ بھارت کا چوتھا بڑا سویلین ایوارڈ ہے ، سیف علی خان سمیت متعدد بالی ووڈ اداکاروں کو اس ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔اداکار ارباز خان کے پروگرام میں گفتگو کرتے
ہوئے سیف علی خان نے کہا کہ وہ خود کو ملنے والا پدما شری ایوارڈ حکومت کو واپس کرنا چاہتے ہیں۔ اس پروگرام میں سلیبریٹیز سے سوشل میڈیا پر ہونے والے تبصروں کے حوالے سے سوالات پوچھے جاتے ہیں ۔ ارباز خان نے ایک سوشل میڈیا صارف کا سوال سیف علی خان سے پوچھا جس میں اس صارف نے دعویٰ کیا تھا کہ سیف علی خان نے پدما شری ایوارڈ خریدا ہے۔سیف علی خان نے اس دعویٰ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹھگ نہیں ہیں اور نہ ہی پدما شری ایوارڈ خرید سکتے ہیں کیونکہ ان کے اندر اتنی ہمت نہیں ہے کہ وہ حکومت سے یہ ایوارڈ خرید سکیں اور نہ ہی ان کی اتنی اوقات ہے کہ حکومت کو رشوت دے سکیں۔ سیف علی خان نے بتایا کہ وہ یہ ایوارڈ نہیں لینا چاہتے تھے لیکن ان کے والد نے ان پر دبائو ڈالا اور کہا کہ وہ ابھی کسی ایسی پوزیشن میں نہیں ہیں کہ حکومت کو یہ ایوارڈ لینے سے منع کرسکیں۔سیف علی خان نے کہا کہ انڈسٹری میں بہت سے ایسے لوگ ہیں جو پدم شری ایوارڈ کیلئے ان سے زیادہ قابل ہیں اور بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جو ان سے کم قابل ہیں لیکن ان کے پاس یہ ایوارڈ موجود ہے اس لیے وہ یہ ایوارڈ واپس کرنا چاہتے ہیں۔