کراچی(این این آئی)مختلف نادرا سہولت سینٹرز پر عمرہ زائرین سے ویکسی نیشن کی مد میں مقررہ سرکاری فیس سے ہزاروں روپے مبینہ طور پر زائد وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے،
جس کے باعث بیرون ملک سفر کی تیاری کرنے والے شہریوں خصوصاً بزرگ افراد اور خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔متاثرہ شہریوں کے مطابق عمرہ ادائیگی کے لیے درکار ویکسی نیشن اور متعلقہ دستاویزات کے حصول کے لیے جب وہ نادرا سہولت سینٹرز سے رجوع کرتے ہیں تو انہیں مقررہ فیس کے علاوہ مختلف مدات میں اضافی رقم ادا کرنے کا کہا جاتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر اضافی رقم کی واضح تفصیلات بھی فراہم نہیں کی جاتیں اور نہ ہی مکمل رقم کی باقاعدہ سرکاری رسید دی جاتی ہے۔دستیاب معلومات کے مطابق پاک آئی ڈی درخواست کے تحت عمرہ زائرین کے لیے انفلوئنزا ویکسین کی فیس ایک ہزار 720 روپے جبکہ گردن توڑ بخار کی ویکسین کی فیس 2 ہزار 785 روپے ہے۔
دونوں ویکسینز کی مجموعی فیس 4 ہزار 505 روپے بنتی ہے، تاہم شہریوں کا دعویٰ ہے کہ بعض نادرا سہولت سینٹرز پر ویکسی نیشن کے لیے مجموعی طور پر 7 ہزار روپے تک وصول کیے جارہے ہیں۔شہریوں کے مطابق مقررہ فیس اور وصول کی جانے والی رقم میں نمایاں فرق کے باعث عمرہ زائرین کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ملک سفر کی تیاری کے دوران وقت کی کمی اور ضروری دستاویزات مکمل کرنے کی مجبوری کے باعث بہت سے شہری اضافی رقم کی بابت سوال کرنے سے بھی گریز کرتے ہیں۔متاثرہ افراد نے بتایا کہ بزرگ شہریوں اور خواتین کو خاص طور پر مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ بہت سے افراد کو ویکسی نیشن کے آن لائن طریقہ کار، درخواست جمع کرانے اور مقررہ فیسوں سے متعلق مکمل معلومات نہیں ہوتیں۔ ایسے میں انہیں سہولت سینٹرز پر بتائی جانے والی رقم ہی ادا کرنا پڑتی ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نادرا سہولت سینٹرز پر ویکسی نیشن سمیت تمام متعلقہ خدمات کی سرکاری فیس واضح اور نمایاں طور پر آویزاں کی جائے تاکہ شہریوں کو پہلے سے معلوم ہو کہ انہیں کس سروس کے عوض کتنی رقم ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر ادائیگی کے عوض باقاعدہ سرکاری رسید فراہم کرنا بھی لازمی قرار دیا جائے، جبکہ اگر کسی اضافی خدمت یا سہولت کی الگ فیس مقرر ہے تو اس کی مکمل تفصیلات بھی واضح کی جائیں تاکہ شہریوں میں ابہام پیدا نہ ہو۔متاثرہ شہریوں نے مبینہ طور پر مقررہ فیس سے زائد رقم وصول کیے جانے کی شکایات کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کسی سہولت سینٹر یا متعلقہ اہلکار کی جانب سے سرکاری فیس سے اضافی رقم وصول کی جارہی ہے تو اس کی وجوہات سامنے لائی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔عمرہ زائرین نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ حج و عمرہ سیزن کے دوران ویکسی نیشن اور سفری دستاویزات سے متعلق خدمات کی مؤثر نگرانی کی جائے، سرکاری فیسوں کے حوالے سے واضح نظام وضع کیا جائے اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے باقاعدہ طریقہ کار متعارف کرایا جائے۔



















































