اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے حکومت نے رجسٹریشن اور رعایتی پیٹرول حاصل کرنے کا طریقہ کار جاری کردیا ہے۔
حکومت کے مطابق رجسٹریشن کے لیے شہری موبائل کے ذریعے 9771 پر پیغام بھیج سکتے ہیں۔ پیغام میں REG، شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا رجسٹرڈ نمبر، صوبے کا نام اور رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی۔
رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد شہری کو موبائل فون پر تصدیقی پیغام موصول ہوگا۔ پیٹرول پمپ جانے سے قبل 9771 پر TOK لکھ کر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا، جس کے جواب میں متعلقہ صارف کو ٹوکن نمبر فراہم کیا جائے گا۔
شہری پیٹرول پمپ پر ٹوکن نمبر دکھا کر رعایتی پیٹرول حاصل کرسکیں گے۔ موصول ہونے والے پیغام میں پیٹرول کی مقررہ مقدار اور اسے استعمال کرنے کی مدت بھی درج ہوگی، جس کی بنیاد پر پمپ سے رعایتی نرخ پر پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔
حکومت نے خصوصی ریلیف اسکیم اور پیٹرول سے متعلق مزید معلومات کے لیے pmfuelrelief.pk ویب سائٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے خصوصی ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا۔ اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشا، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مطابق اس اقدام کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے دو اور تین پہیوں والی سواریوں سمیت چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے شہریوں پر پڑنے والے اضافی مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔



















































