اسلام آباد(نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر ملکی شہریوں کے ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد ویزے منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق ویزا منسوخی کی بڑی وجہ ویزا قوانین کی خلاف ورزی اور مختلف جرائم میں ملوث ہونا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق منسوخ کیے گئے زیادہ تر ویزے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے متعلق معاملات کی بنیاد پر ختم کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کیسز میں حملہ، چوری، منشیات سے متعلق جرائم اور نشے کی حالت میں گاڑی چلانے سمیت متعدد خلاف ورزیاں شامل ہیں۔محکمہ خارجہ کے مطابق بعض افراد کے ویزے خطرناک یا لاپرواہی سے ڈرائیونگ، جنسی جرائم، بچوں سے بدسلوکی، فراڈ اور مالی بے ضابطگیوں جیسے الزامات کی وجہ سے بھی منسوخ کیے گئے۔ امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ ویزا رکھنے والے غیر ملکیوں کی مسلسل جانچ کا مقصد امریکی شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق 2026 کے دوران ہر ماہ 10 ہزار سے زیادہ ویزے منسوخ کیے گئے، جبکہ پورے 2025 میں یہ تعداد 8 ہزار سے زائد تھی۔
امریکی انتظامیہ نے رواں سال جنوری میں بھی بتایا تھا کہ گزشتہ سال ایک لاکھ سے زیادہ ویزے منسوخ کیے گئے تھے۔حکام کے مطابق بعض ویزے ایسے افراد کے بھی منسوخ کیے گئے جن پر امریکی شہریوں کے خلاف تشدد کی حمایت یا اس پر اکسانے کے الزامات تھے۔ محکمہ خارجہ نے ایسے غیر ملکی شہریوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جنہیں امریکی عوام کے لیے خطرہ سمجھا جاتا ہے۔امریکی حکام نے بتایا کہ بعض افراد کے خلاف جنسی حملے، جنسی زیادتی، بچوں کے خلاف جرائم، اغوا، انسانی اسمگلنگ، منشیات یا شراب کے زیر اثر ڈرائیونگ اور فراڈ جیسے معاملات بھی کارروائی کی بنیاد بنے۔رپورٹ کے مطابق کچھ غیر ملکی شہریوں کے ویزے خارجہ پالیسی سے متعلق وجوہات کی بنیاد پر بھی منسوخ کیے گئے۔
ان میں ایسے افراد شامل تھے جن کے بعض غیر ملکی حکومتوں سے روابط یا تعلقات پائے گئے تھے۔امریکی محکمہ خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ شمالی افریقہ میں ایک امریکی سفارتخانے نے ایسے 100 سے زائد والدین کے ویزے منسوخ کیے جو مبینہ طور پر ’’برتھ ٹورزم‘‘ کے مقصد سے امریکا آئے تھے۔ اس طریقہ کار میں خواتین امریکا میں بچے کی پیدائش کے مقصد سے سفر کرتی ہیں تاکہ بچے کو امریکی شہریت مل سکے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کی قیادت میں محکمہ خارجہ ویزا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکی شہریوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھے گا۔محکمہ خارجہ نے اپنے مؤقف میں واضح کیا کہ امریکی ویزا کسی فرد کا بنیادی حق نہیں بلکہ ایک اجازت اور سہولت ہے، اس لیے اس کے غلط استعمال کی صورت میں حکومت کے پاس ویزا منسوخ کرنے سمیت دیگر قانونی اقدامات کا اختیار موجود ہے۔



















































