اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین شروع ہونے کے بعد مختصر عرصے میں پٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک پٹرول 20 روپے 81 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 55 روپے 36 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے مطابق 18 جولائی کو پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد روزانہ نرخوں میں ردوبدل کا سلسلہ جاری رہا۔21 جولائی کو جاری کردہ نئی قیمتوں میں پٹرول 35 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا، تاہم اسی روز ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 71 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا۔اس کے بعد 22 جولائی کے لیے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ 23 جولائی کو بھی قیمتیں بڑھائی گئیں، جہاں پٹرول 6 روپے 39 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔
تازہ ترین نوٹیفکیشن کے مطابق 24 جولائی سے پٹرول کی قیمت میں مزید 4 روپے 40 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ نافذ کر دیا گیا۔یاد رہے کہ 17 جولائی کو وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ روزانہ کی بنیاد پر مقرر کرے گی، جس کے بعد قیمتوں میں مسلسل ردوبدل کا نیا نظام نافذ العمل ہے۔



















































