کراچی(این این آئی)پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی وقت ملک گیر ہڑتال کی کال دی جا سکتی ہے۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر ملک بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز سے مشاورت جاری ہے اور جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے باعث ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ٹرانسپورٹرز کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ متعدد گاڑیاں نقصان کے باعث کھڑی ہونے لگی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے اپنے فیصلوں پر نظرثانی نہ کی تو ملک گیر ہڑتال ناگزیر ہوگی۔ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس، موٹروے فیس اور ٹریفک چالانوں میں فوری ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،
لیکن اس کے باوجود ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی۔انہوں نے پاکستان بھر کی چیمبرز آف کامرس، فیڈریشنز اور کاروباری تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس اہم مسئلے پر ٹرانسپورٹرز کا ساتھ دیں تاکہ حکومت پر کاروبار دوست پالیسیاں اختیار کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکلات کے باوجود خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ حالیہ حالات کے باعث کاروبار پہلے ہی متاثر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دسمبر میں ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے، بصورت دیگر احتجاجی تحریک کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔



















































