اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)امریکا کی جانب سے ایران پر حالیہ حملوں کے بعد عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے،
جس کے باعث خام تیل کی قیمتیں کئی ہفتوں کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی ہیں۔بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 96 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی۔ مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ 8 جون کے بعد برینٹ خام تیل کی بلند ترین سطح ہے۔اسی دوران امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت بھی 1.44 ڈالر اضافے کے بعد 88.27 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتی رہی، جو تقریباً 1.7 فیصد اضافے کے برابر ہے۔رپورٹس کے مطابق گزشتہ کاروباری روز بھی خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا۔ برینٹ کروڈ 94.07 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا تھا، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں بھی تقریباً 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، خصوصاً ایران پر امریکی حملوں اور یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے بحیرۂ احمر میں آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کے واقعات نے عالمی توانائی مارکیٹ میں بے یقینی پیدا کر دی ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں پر مسلسل دباؤ برقرار ہے۔



















































