اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح پیٹرول بھی 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق یہ نئی قیمتیں 18 جولائی کی رات 12 بجے سے نافذ العمل ہو چکی ہیں اور 20 جولائی تک برقرار رہیں گی۔
دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے نظام کے تحت اب قیمتوں کا جائزہ روزانہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں دوبارہ بڑھ رہی ہیں، جس کے اثرات دنیا بھر کی توانائی مارکیٹ پر پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پیٹرولیم سیکٹر کو بتدریج ڈی ریگولیشن کی جانب لے جا رہی ہے۔ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق اب اوگرا روزانہ عالمی منڈی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گی اور نئی قیمتیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔



















































