اسلام آباد (نیوز ڈیسک)عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد پاکستان میں بھی آئندہ پندرہ روزہ جائزے کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے فی لیٹر تک جبکہ پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 10 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 18 جولائی سے ہونے کی توقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہوا ہے، جس کے اثرات مقامی ایندھن کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عوام پر ممکنہ بوجھ کم کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں کمی جیسے مختلف آپشنز پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ قیمتوں میں اضافے کی شدت کو کسی حد تک محدود رکھا جا سکے۔
ادھر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
نیشنل کمیٹی آن مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈینیشن نے مبینہ ذخیرہ اندوزی کی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے اوگرا کو ہدایت جاری کی ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر قانونی کارروائی کی جائے تاکہ ملک میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔



















































