لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) فرانسیسی کی معروف کار ساز کمپنی ‘رینولٹ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے بات چیت شروع کر دی ہے۔ انڈسٹری ذرائع نے بتایا کہ رینولٹ سرمایہ کاری کے لیے سعودی الفتیم گروپ کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔ سعودی الفتیم گروپ پاکستان کے آٹو سیکٹر میں ایک بس ساز ادارے میں سرمایہ
کاری کے ذریعے موجود ہے۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق ‘رینولٹ کمپنی پاکستان میں سرمایہ کاری میں سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں کراچی کے بن قاسم انڈسٹریل پارک میں 50 ایکڑ زمین بھی خرید لی ہے۔اس سے قبل ‘رینولٹ کمپنی گندھارا گروپ سے مل کر کار سازی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہ رہی تھی لیکن ان کی بات چیت کامیاب نہ ہو سکی۔اطلاعات کے مطابق گندھارا کمپنی نے کسی دوسری کمپنی سے اشتراک کے بجائے نسان ڈاٹسن گو کی پیداوار میں دلچسپی رکھتی ہے اور اس کے لئے کمپنی نے حکومت کو آگاہ بھی کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ رینالٹ ہمسایہ ملک بھارت میں اپنی پروڈکشن اور گاڑیوں کی مارکیٹ کو کامیابی سے چلا رہی ہے اور اس کی سب سے قیمت لگژری گاڑی 5 لاکھ روپے پاکستانی کے لگ بھگ ہے۔ توقع کی جا رہی ہے رینالٹ کی گاڑیاں تیار ہو کر پاکستانی مارکیٹ میں آنے سے روایتی کار ساز کمپنیوں کی اجارہ داری ختم ہو جائے گی اور کم قیمت میں معیاری گاڑیاں عوام کو میسر ہوں گی۔