کراچی(این این آئی)دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ جانی و مالی قربانی پاکستان نے دی ہے لیکن پھر بھی امریکہ بہادر مطمئن نہیں ہو رہا ۔ ملکی معیشت کو جہاں 150 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے لیکن امریکہ نے 2002 سے اب تک صرف 33 ارب ڈالر کی معاونت کی ہے ۔ دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے سب سے زیادہ قربانی دینے والے ملک سے ہی امریکی صدر ٹرمپ نے پھر ڈومور کا مطالبہ کر ڈالا ۔
قربانیوں اور کوششوں کو سراہنے کے بجائے الٹا ٹرمپ پاکستان پر ہی غرانا شروع ہوگئے ان سب قربانیوں کے عوض امریکہ سے کیا ملا اس بارے میں کانگریشنل ریسرچ سروس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2002 سے اب تک امریکہ نے پاکستان کو 33 ارب ڈالر کی حقیر رقم دی ہے جس میں 15 ارب ڈالر کے قریب تو صرف جنگی اخراجات کی ادائیگی ہے ۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جہاں ملکی معیشت کو 150 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے وہاں امریکہ نے صرف 8 ارب ڈالر کی معاونت کی ہے ۔سوال ٹرمپ کو نہیں بلکہ پاکستان کو امریکہ سے کرنا چاہیئے کہ اتنا کچھ کرنے کے بعد امریکہ سے پاکستان کو کیا ملا ۔ ماہرین کہتے ہیں کہ ویتنام کی طرح امریکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بری طرح پھنس چکا ہے اور اب ٹرمپ کی حالت کھسیانی بلی جیسی ہوگئی ہے ۔