لاہور( این این آئی) حکومت کی کاوشوں کے باوجود انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والوں کی تعداد بڑھنے کے بجائے 1لاکھ تک کم ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق مالی سال 2016ء میں انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والوں کی تعداد اب تک 11لاکھ کے قریب پہنچ سکی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں مالی سال 2015ء میں 12لاکھ 10ہزار افراد نے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال2015-16ء کے فعال ٹیکس ادا کرنے
والوں کی فہرست مارچ میں جاری کر دی جائے گی جس کے بعد اسے ہفتہ وار اپ ڈیٹ بھی کیا جائے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں کئی مرتبہ توسیع کیے جانے اور ایمنسٹی سکیم متعارف کرائے جانے کے باوجود ٹیکس اہداف کا حاصل نہ ہونا مایوس کن ہے اور اس بات کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ عوام کا موجودہ ٹیکس نظام پر اعتماد نہیں۔